لاہور : پاکستان میں پہلی بار وفاقی آئینی عدالت نے اپنی باقاعدہ سماعت کا آغاز کر دیا ہے۔ چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں یہ سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے کمرہ نمبر دو میں کی گئی، جس میں تین رکنی بنچ نے مقدمات کی سماعت شروع کی۔ اس بنچ میں چیف جسٹس امین الدین خان کے ساتھ جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس ارشد حسین شاہ شامل ہیں۔
اس موقع پر چیف جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے لیے تین بنچ تشکیل دیے ہیں:
بنچ 1 میں چیف جسٹس امین الدین خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس ارشد حسین شاہ شامل ہیں۔
بنچ 2 میں جسٹس حسن رضوی اور جسٹس کے کے آغا ہیں۔
بنچ 3 میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ کی عمارت میں کمروں کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر ابھی بھی کورٹ ون میں سماعت کریں گے، جب کہ چیف جسٹس امین الدین خان کی عدالت کورٹ ٹو میں ہوگی۔
اس عدالتی انتظام میں مزید تبدیلیوں کے تحت، جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت کو جسٹس میاں گل اورنگزیب کی عدالت میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر ججز جیسے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس حسن اظہر رضوی تھرڈ فلور پر سماعت کریں گے۔