حیدرآباد میں پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکہ، ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی

12:12 PM, 17 Nov, 2025

حیدرآباد: حیدرآباد میں پٹاخوں کی فیکٹری میں ہونے والے خوفناک دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے پانچ افراد کو کراچی کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جن میں سے دو مزید زخمی دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ شیراز اور 35 سالہ نعیم بھی شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ہی فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کا تفصیلی آڈٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس واقعے کے بعد حیدرآباد کے ڈپٹی کمشنر نے غیر قانونی پٹاخوں کے گوداموں، فیکٹریوں اور ایل پی جی فلنگ پوائنٹس کے خلاف کارروائی کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ ان کمیٹیوں کو مارکیٹس، گوداموں اور پوشیدہ مقامات کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اگر کسی گودام یا فیکٹری نے قوانین کی خلاف ورزی کی تو انہیں فوراً سیل کر دیا جائے گا اور ان میں موجود تمام مواد ضبط کر لیا جائے گا۔

کمیٹیوں کو اس بات کی بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ مل کر ان غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ اس کے علاوہ، ہفتہ وار رپورٹس جمع کرانے اور پیشرفت اجلاس بلانے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔

یہ دھماکہ پٹاخوں کی فیکٹری میں گزشتہ روز ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔ اب اس واقعے کے بعد انتظامیہ نے غیر قانونی فیکٹریوں اور گوداموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

مزیدخبریں