لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید سات دن کی توسیع کر دی ہے۔ یہ فیصلہ 22 نومبر تک مؤثر رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، پنجاب میں کسی بھی قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے یا عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رکھی جائے گی۔ اس کے علاوہ، چار یا زائد افراد کا عوامی مقامات پر جمع ہونا بھی مکمل طور پر منع ہوگا۔ اسلحہ کی نمائش اور فرقہ وارانہ یا اشتعال انگیز مواد کی تقسیم پر بھی پابندی ہوگی۔ لاؤڈ اسپیکر کا استعمال بھی صرف اذان اور جمعے کے خطبے تک محدود رکھا جائے گا۔
یہ پابندیاں شادی کی تقریبات، جنازے یا تدفین پر لاگو نہیں ہوں گی، اور سرکاری افسران و اہلکاروں اور عدالتوں کو اس حکم سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے ہیں، کیونکہ بڑے عوامی اجتماعات دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ بن سکتے ہیں، اور اس طرح کے مواقع پر شرپسند عناصر ریاست مخالف سرگرمیاں انجام دے سکتے ہیں۔