آزاد کشمیر میں وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر آج رائے شماری

09:43 AM, 17 Nov, 2025

مظفرآباد: آزاد کشمیر کی اسمبلی میں وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر آج دوپہر 3 بجے رائے شماری ہوگی۔ پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کو وزیراعظم منتخب کرنے کے لیے 35 سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ اگر تحریک کامیاب ہو جاتی ہے، تو فیصل راٹھور آزاد کشمیر کے سولہویں وزیراعظم بن جائیں گے۔

تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے 53 رکنی اسمبلی میں 27 ارکان کی حمایت درکار ہے، اور پیپلز پارٹی کے پاس اس وقت سادہ اکثریت موجود ہے۔ مسلم لیگ ن بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دینے کا اعلان کر چکی ہے، مگر وہ حکومت کا حصہ نہیں بنے گی اور اپوزیشن کا مضبوط کردار ادا کرے گی۔

چوہدری انوار الحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک 14 نومبر کو جمع کرائی گئی تھی، جب ارکان اسمبلی چوہدری قاسم مجید، سردار جاوید ایوب، ملک ظفر اقبال، علی شان سونی اور محمد رفیق نیئر نے دستخط کیے۔ اس سے پہلے انوار الحق کو استعفیٰ دینے کا پیغام بھیجا گیا تھا، لیکن انہوں نے انکار کیا، جس کے بعد پیپلز پارٹی نے یہ قدم اٹھایا۔

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے لیے یہ وقت اہم ہے کیونکہ 26 اکتوبر کو سندھ ہاؤس اسلام آباد میں ایک عشائیہ کے دوران پارٹی نے 27 ارکان کی حمایت حاصل کی تھی، اور پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے 10 وزرا بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے تھے۔

مزیدخبریں