تہران:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران کا سرکاری دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کی ہے۔ اس اہم ملاقات میں پاک-ایران دوطرفہ تعلقات، بارڈر مینجمنٹ اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے خطے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی مخلصانہ کوششوں کا اعتراف کیا اور ان کی حکمتِ عملی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے کے امن میں ایک تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے جس کی ایران تائید کرتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ اور خطے کے تنازعات کا حل صرف بات چیت میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارت کاری اور مذاکرات ہی وہ مؤثر ترین اوزار ہیں جن کے ذریعے پیچیدہ ترین مسائل کو حل کر کے پائیدار امن کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔