باکو: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچتے ہی اپنی باضابطہ سفارتی اور سرکاری مصروفیات کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے آذربائیجان کے بابائے قوم حیدر علیوف کے مزار پر حاضری دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔
بعد ازاں، وزیراعلیٰ پنجاب نے باکو میں واقع شہداء کی یادگار "کوچۂ شہداء" کا خصوصی دورہ کیا اور وہاں پھول رکھے۔ مریم نواز اور ان کے ہمراہ موجود پاکستانی وفد نے آذربائیجان کی آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے، جنہوں نے معزز مہمان کو یادگار کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا۔ دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے روابط تاریخی اور برادرانہ بنیادوں پر استوار ہیں اور شہداء کی قربانیاں دونوں قوموں کے لیے قابلِ فخر ہیں۔