اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اسلام آباد میں طلباء اور اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات کی، جس میں انہوں نے نوجوانوں کی ملک کی ترقی اور حفاظت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو انتہائی اہمیت دی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے دشمن کے مذموم عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان امن کا گہوارہ ہے اور پاکستان کی کامیابی دراصل امن کی کامیابی ہے۔"
ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "جس طرح آپ نے پاکستان اور اس کی فوج کے لیے بے لوث محبت کا اظہار کیا ہے، اس سے میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان کا مستقبل نہ صرف محفوظ ہے بلکہ یہ بہت روشن اور کامیاب بھی ہوگا۔"
انہوں نے مزید کہا، "پاکستان کی فوج عوام کا حصہ ہے اور عوام کی حمایت پاکستان کی فوج کے ساتھ ہے، یہ جو مضبوط دیوار ہے، یہ آپ ہیں، ہمارے عوام ہیں، اور یہ آپ کی نسل اور ہماری نسلیں اس ملک کی حفاظت میں پیچھے نہیں ہٹیں گی۔"
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ "پاکستان میں بھارت کی جانب سے دہشت گردی کی کارروائیاں کروائی جا رہی ہیں، لیکن جب عوام اور فوج ایک ساتھ ہوں گے تو اس ملک میں دہشت گردی کا کوئی امکان نہیں رہے گا۔"
آخر میں، انہوں نے ملک بھر کے اساتذہ کو پاک فوج کی طرف سے خراجِ تحسین پیش کیا اور طلباء و طالبات کی جانب سے بھی پاک فوج کا شکریہ ادا کیا گیا۔