لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ نے ایٹمی صلاحیت حاصل کر کے اور حالیہ جنگ میں شاندار کامیابی حاصل کر کے یہ ثابت کر دیا کہ ملک کا دفاع مؤثر طریقے سے کرنا ہمیں بخوبی آتا ہے۔
یہ بات انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے نواز شریف کو بھارت کے ساتھ سیزفائر کے بعد کی تازہ صورتحال اور دفاعی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے تینوں مسلح افواج کے سربراہان کو بھارت کے خلاف فیصلہ کن کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاک فوج نے بہادری سے دشمن کو پسپا کر کے دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند کیا۔
انہوں نے کہا کہ چین، ترکی اور آذربائیجان جیسے برادر ممالک نے نازک وقت میں دوستی کا حق ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کی جارحانہ سوچ نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا ہوا ہے، اس لیے پاکستان کو اپنی دفاعی تیاری ہر وقت مکمل رکھنی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے تکبر کو خاک میں ملا دیا اور دشمن کو اُس کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے ماضی میں جوہری پروگرام کے ذریعے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور اب حالیہ جنگی کامیابی میں بھی ہماری قومی حکمت عملی کامیاب رہی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ن لیگ قومی سلامتی کے معاملے میں ہمیشہ فرنٹ لائن پر رہی ہے۔