قوم اپنی افواج کو عزت و وقار کا محافظ سمجھتی ہے: صدر مملکت

06:31 PM, 17 May, 2025

راولپنڈی : صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے گوجرانوالہ چھاؤنی کا دورہ کیا جہاں ان کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صدرِ مملکت کی آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران صدر آصف زرداری نے پاک افواج کی جانب سے مکمل کیے گئے "معرکۂ حق" اور "آپریشن بنیان المرصوص" کی کامیابی پر مسلح افواج کو دل کی گہرائی سے مبارک باد دی۔ صدر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کے حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور فرض شناسی کو سراہا۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو قومی عزت، وقار اور خودمختاری کا اصل نگہبان سمجھتی ہے۔ انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو "ایک مقدس امانت" اور "قومی فخر" قرار دیا۔

صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ وطن کے یہ سپوت غیر متزلزل عزم، دلیری اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو کر سیسہ پلائی دیوار بنے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو جرأت اور مہارت سے ناکام بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ رہے گی کہ مسلح افواج نے چند ہی گھنٹوں میں دشمن کو پسپا کر کے پاکستان کی طاقت، عزم اور اتحاد کا بھرپور پیغام دیا۔

مزیدخبریں