سیالکوٹ : وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کی بہادرانہ قیادت نے حالیہ کشیدگی میں نہ صرف محاذ پر موجود جوانوں کی رہنمائی کی بلکہ دشمن کو بھرپور اور مؤثر جواب دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 78 سالہ عسکری تاریخ میں ایسی جرات، نظم و ضبط اور قومی جذبے کی کم مثالیں ملتی ہیں۔ ’’میں افواجِ پاکستان کی قیادت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جنہوں نے موجودہ حالات میں جوانوں کا مورال بلند رکھا اور دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی۔‘‘
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت قیام پاکستان کے بعد سے مسلسل پاکستان کے خلاف سازشیں کرتا رہا ہے، تاہم ہر بار قوم اور افواج نے یکجہتی کے ساتھ اس کا سامنا کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل کو تاریخ کے ان اہم لمحات سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی افواج پر فخر محسوس کر سکیں۔
وزیرِ دفاع نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارت کے خلاف حالیہ کامیابی کو قومی تاریخ کے ایک ’’سنہری باب‘‘ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جس پر آنے والی نسلیں ناز کریں گی۔