لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژنری اقدام کے تحت صوبے میں صرف 90 روز میں معاشی سرگرمیوں میں تاریخی پیشرفت ہوئی ہے۔ ’’آسان کاروبار فنانس‘‘ اور ’’آسان کاروبار کارڈ‘‘ اسکیمز کے ذریعے 1 لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد کو 61 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے، جبکہ 57,913 نئے کاروبار کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں اسکیم کی تفصیلات پر بریفنگ دیتے ہوئے ایم ڈی پی ایس آئی سی سارہ عمر نے بتایا کہ صرف ’’آسان کاروبار کارڈ‘‘ کے تحت 1.3 ملین سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 1 لاکھ 4 ہزار سے زائد افراد کو 43 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے گئے۔
خواتین کو بااختیار بنانے کی نئی مثال
اس اسکیم کے ذریعے پہلی مرتبہ 6,753 خواتین نے بھی 3 ارب 42 کروڑ روپے کے قرض حاصل کر کے خود انحصاری کی راہ پر قدم رکھا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خواتین کو معاشی میدان میں بااختیار بنانے کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔
سروس سیکٹر: 61,996 افراد کو 26 ارب 13 کروڑ روپے، ٹریڈنگ سیکٹر: 24,522 افراد کو 10 ارب 75 کروڑ روپے، ایگری بزنس: 10,699 افراد کو 3 ارب 69 کروڑ روپے، ٹرانسپورٹیشن: 1,312 افراد کو 3 ارب 91 کروڑ روپے، دیگر شعبہ جات: پروفیشن سروسز، ڈیری، بیوٹیشن، آٹو، فرٹیلائزر، پیسٹی سائیڈ وغیرہ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس کے دوران ہدایت جاری کی کہ زیر التوا درخواستوں پر فوری عمل درآمد کیا جائے اور کارڈ ایکٹیویشن کو مزید سہل بنانے کے لیے واٹس ایپ کے ذریعے ایکٹیویشن کی سہولت متعارف کرائی جائے۔
انہوں نے ایکسپورٹ اور مینوفیکچرنگ سیکٹر کے لیے بھی ایک مربوط قرض پلان طلب کرتے ہوئے واضح کیا کہ "آسان کاروبار اسکیم کسی صورت رُکنی نہیں چاہیے، یہ پنجاب کے نوجوانوں اور خواتین کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔"