تجارتی معاہدے نہ ہونے پر 50 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کا عندیہ:ٹرمپ کی سخت وارننگ

09:15 AM, 17 May, 2025

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف پر سست مذاکرات کرنے والے ممالک کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے اور مزید انتظار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر دو سے تین ہفتوں میں تجارتی معاہدے نہ ہوئے تو امریکا ان ممالک پر 50 فیصد تک نئے ٹیرف عائد کر دے گا۔

فاکس نیوز کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ بعض ممالک جان بوجھ کر وقت ضائع کر رہے ہیں اور امریکا اس سست روی کو مزید برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے اپنے موقف کو دوٹوک انداز میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنی مصنوعات، صنعتوں اور محنت کشوں کے مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا نے یہ 50 فیصد ٹیرف عائد کیے تو عالمی تجارتی نظام میں نیا بحران جنم لے سکتا ہے، اور اس سے عالمی منڈیوں میں بے یقینی کی لہر دوڑ سکتی ہے۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکا کئی اہم عالمی تجارتی شراکت داروں جیسے چین، یورپی یونین، میکسیکو اور بھارت کے ساتھ معاہدوں پر بات چیت کر رہا ہے۔

مزیدخبریں