سنجے دت اور نورا فتیحی کا نیا گانا تنازعہ کی زد میں

08:08 PM, 17 Mar, 2026

ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار سنجے دت اور ڈانسر و اداکارہ نورا فتیحی کا تازہ ترین گانا ریلیز ہوتے ہی تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’’ڈی: دی ڈیول‘‘ کا یہ گانا ’’سرکے چُنر تیری سرکے‘‘ یوٹیوب پر جاری ہوتے ہی سخت تنقید کا سامنا کر رہا ہے۔

ایڈووکیٹ ونیت جندال نے فلم سرٹیفکیشن بورڈ سے رجوع کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ گانے کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔ شکایت میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گانے کے کچھ بول نامناسب ہیں اور عوامی سطح پر پیش کرنا مناسب نہیں، جبکہ اس کی فلم بندی میں بھی غیر اخلاقی مناظر شامل ہیں۔

مزید یہ کہ شکایت صرف سرٹیفکیشن بورڈ تک محدود نہیں رہی بلکہ وزارت اطلاعات و نشریات کو بھی بھیجی گئی۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ایسے مواد کا کم عمر بچوں اور نوجوانوں پر منفی اثر پڑ سکتا ہے، لہٰذا گانے پر فوری پابندی عائد کی جائے۔

سوشل میڈیا پر بھی یہ معاملہ زیر بحث ہے، جہاں صارفین نے مختلف اور متضاد ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں