وزیراعظم شہباز شریف کا ایندھن بچت مہم کا جائزہ؛ وفاقی کابینہ کا تنخواہیں نہ لینے کا بڑا فیصلہ، آئی بی کو کڑی نگرانی کا حکم

05:43 PM, 17 Mar, 2026

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات پر اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں معاشی استحکام اور توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے دور رس فیصلے کیے گئے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت وفاقی کابینہ کے تمام ارکان نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری محکموں میں پیٹرولیم مصنوعات کے کوٹے میں کٹوتی کے مثبت نتائج موصول ہو رہے ہیں، جس کا مقصد حاصل ہونے والی بچت کے ذریعے عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے انٹیلی جینس بیورو (IB) کو تمام اقدامات کی نگرانی کرنے اور باقاعدہ رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی تقسیم میں کسی بھی قسم کی بے قاعدگی کی فوری نشاندہی ہو سکے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی گئی کہ     ملک میں پیٹرولیم مصنوعات اور ضروری ادویات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔    وزارتِ آئی ٹی کی جانب سے 'ورک فرام ہوم' کے لیے ای آفس اور کنیکٹیویٹی کے انتظامات مکمل ہیں۔    وزیرِ پیٹرولیم سپلائی چین کو مزید متحرک کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ حالات کی بہتری تک ہنگامی اقدامات کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد چیمہ، علی پرویز ملک، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، شزا فاطمہ، اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں