پنجاب میں عیدالفطر کے لیے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کی ہدایت

11:40 AM, 17 Mar, 2026

لاہور : محکمہ داخلہ پنجاب نے عیدالفطر کے موقع پر عبادت گاہوں اور عوامی مقامات پر سخت سکیورٹی کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ نمازِ عید کے دوران تین سطحی سکیورٹی، اضافی پولیس اہلکار، ایک مرکزی داخلی دروازہ اور واک تھرو گیٹس کے ذریعے تلاشی کے انتظامات کیے جائیں گے۔

اہم اقدامات میں سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈٹیکٹر، سپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل سکوارڈ کی موجودگی، خواتین نمازیوں کے لیے لیڈی پولیس، عبادت گاہوں کے اردگرد کومبنگ آپریشنز، اور محفوظ پارکنگ ایریاز شامل ہیں۔

عید بازاروں، ہوٹلز، مساجد اور امام بارگاہوں پر خاص توجہ دی جائے گی، کالعدم افراد اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی ہوگی، اور آتشیں اسلحے کی نمائش پر پابندی ہوگی۔

تمام اضلاع کو سکیورٹی پلان تیار کر کے محکمہ داخلہ کے ساتھ شیئر کرنا ہوگا، کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے، اور کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سی سی پی اوز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز اس پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت بھی ہائی الرٹ رہیں گے تاکہ عید پر امن اور محفوظ ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں