واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جی سیون ممالک ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔
جی سیون اجلاس کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں، جس میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شریک تھے، ٹرمپ نے بتایا کہ اجلاس میں ایران ڈیل کی تفصیلات پر غور کیا گیا اور تمام رکن ممالک نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ عالمی معیشت کسی بحران کا شکار نہ ہو، اور اگر معاہدہ نہ ہوتا تو آبنائے ہرمز بند ہونے کا خدشہ موجود تھا۔
امریکی صدر کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو بعض اوقات جذباتی انداز اختیار کرتے ہیں، تاہم وہ ایک قابل اعتماد اتحادی ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ ایران سے افزودہ جوہری مواد کو ختم اور غیر مؤثر بنائے گا تاکہ تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکا جا سکے اور عالمی سطح پر ممکنہ خطرات کم کیے جا سکیں۔
ان کے مطابق ایران نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی ہے کہ وہ نہ جوہری ہتھیار تیار کرے گا اور نہ ہی ان کا حصول کرے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مفاہمتی معاہدے کی ایک نقل اسرائیل کو بھی بھجوا دی گئی ہے۔