گوگل نے جی میل میں جدید اے آئی سمریز اور ’آسک جیمنائی‘ فیچر متعارف کرا دیا

05:54 PM, 17 Jun, 2026

کیلیفورنیا:  گوگل نے اپنی مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی “جیمنائی” کو مزید وسعت دیتے ہوئے جی میل کے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے ای میلز کا مختصر اور خودکار خلاصہ تیار کیا جا سکے گا۔

ابتدائی مرحلے میں گوگل نے اے آئی خصوصیات کو صرف لکھنے میں مدد دینے تک محدود رکھا تھا، تاہم بعد ازاں ان فیچرز کو دیگر ایپس تک بھی توسیع دی گئی۔ 2025 میں کمپنی نے جی میل میں اے آئی سمریز کا فیچر گوگل ورک اسپیس کے پریمیم صارفین کے لیے پیش کیا تھا۔

بعد ازاں جنوری 2026 میں امریکا میں جی میل استعمال کرنے والے صارفین کو چند اہم اے آئی سہولیات مفت فراہم کی گئیں، جبکہ اب اس فیچر کو عالمی سطح پر عام صارفین تک پہنچایا جا رہا ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق جیمنائی پر مبنی یہ ای میل سمریز مرحلہ وار طور پر مفت جی میل اکاؤنٹس رکھنے والے افراد کے لیے جاری کیے جا رہے ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت محدود ای میل تھریڈز پر دستیاب ہے۔

گوگل کے سپورٹ پیج میں بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ اے آئی اوور ویو پر مبنی کنورسیشن سمریز دنیا بھر میں مفت جی میل صارفین کے لیے فراہم کی جا رہی ہیں۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر فی الحال انگریزی، فرانسیسی، جرمن، اطالوی، جاپانی، کوریائی، پرتگالی اور ہسپانوی زبانوں میں کام کر رہا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے جیمنائی ای میل گفتگو کا تجزیہ کرکے اس کا جامع مگر مختصر خلاصہ پیش کرتی ہے، جبکہ صارفین “آسک جیمنائی” کے آپشن کے ذریعے ای میل تھریڈ سے متعلق سوالات بھی کر سکتے ہیں۔

جو صارفین اس اے آئی سہولت کو استعمال نہیں کرنا چاہتے، وہ اسے جی میل کی سیٹنگز میں جا کر بند کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے جنرل سیٹنگز میں گوگل ورک اسپیس اسمارٹ فیچرز اور پھر “منیج ورک اسپیس اسمارٹ فیچرز” کے آپشن سے یہ فیچر غیر فعال کیا جا سکتا ہے۔
 
 
 
 
 
 
 
 

مزیدخبریں