اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوامی مفاد، آسانی اور ترقی پر مبنی ہے اور اس میں ہر شعبے کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے بجٹ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایسا بجٹ پیش کیا ہے جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے، تاہم حکومتی موقف کے مطابق یہ ایک متوازن اور اصلاحاتی بجٹ ہے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ جو شہری ٹیکس ادا نہیں کرتے، ان کا بوجھ ٹیکس دہندگان پر نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام کو منصفانہ بنانے اور معاشی نظم و ضبط بہتر کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ بجٹ ملک کی معاشی سمت متعین کرتا ہے اور اسے آگے لے جانے کے لیے ایک واضح روڈ میپ فراہم کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق معاشی استحکام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مضبوط بنانا ہے۔