پنجاب میں یکم سے 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ، 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی

10:56 AM, 17 Jun, 2026



لاہور: پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے صوبے بھر میں یکم سے 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی، تاہم بزرگ شہری، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

محکمہ داخلہ نے محرم الحرام کے دوران اشتعال انگیز تقاریر، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور اسلحے کی نمائش پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

مزیدخبریں