لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ان اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان کوئی اختلاف یا فرق نہیں ہے، وزیر اعظم چاہے کوئی بھی ہو، ہم ایک سوچ اور نظریے کے تحت کام کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اندرونی معاملات اور عالمی سطح پر بہتر فیصلے کر رہی ہے، ایران سے متعلق حکومتی مؤقف حقیقت پر مبنی اور قابلِ تحسین ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کی طرف سے کی گئی جارحیت کا مؤثر جواب دیا، ہماری افواج کی صلاحیتیں محض دفاع کے لیے ہیں، اور ہم اپنی خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے بیرونِ ملک کارکن جماعت کا سرمایہ ہیں، اور مشکل حالات میں تمام طبقات کو متحد ہو کر ملک کی خدمت کرنی چاہیے۔