اسلام آباد: پاکستان میں اب ترقی کی نئی راہیں کھلنے جا رہی ہیں۔ چین کے پیش کردہ گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو (GDI) کو پاکستان میں وسعت دینے کے لیے حکومت نے ایک نیا پروگرام تیار کیا ہے جس میں نوجوان، جامعات، میڈیا، اور حکومتی ادارے مل کر ایک نئے ترقیاتی سفر کا آغاز کریں گے۔
یہ پروگرام نہ صرف پاکستان کے وژن 2025 اور عالمی SDGs سے ہم آہنگ ہو گا، بلکہ موسمیاتی تبدیلی، ڈیجیٹل ترقی، مالی خواندگی اور سبز کاروبار جیسے اہم شعبوں پر بھی توجہ دے گا۔
اس قومی پروگرام کا مقصد ہے کہ GDI کو ہر پاکستانی کے لیے قابل فہم اور مفید بنایا جائے۔ آگاہی مہمات، یونیورسٹیوں میں تحقیقاتی سینٹرز، نوجوانوں کے لیے خصوصی مہمات اور قومی سطح پر پالیسی سازی میں GDI کو شامل کر کے پاکستان کو ایک جدید، پائیدار اور ہم آہنگ ترقی کی طرف لے جانا ہے۔