انسٹاگرام کا نیا فیچر: صارفین اب دوسروں کی پوسٹس اپنی فیڈ میں شیئر کر سکیں گے

06:40 PM, 17 Jun, 2025

کیلیفورنیا : دنیا بھر میں مقبول سوشل نیٹ ورکنگ ایپ انسٹاگرام جلد ایک نیا فیچر متعارف کروانے جا رہا ہے، جس کی مدد سے صارفین کسی بھی پبلک پوسٹ کو اپنی فیڈ پر ری شیئر (ری پوسٹ) کر سکیں گے۔

ٹیکنالوجی سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیچر اُن صارفین کے لیے خاص طور پر مفید ثابت ہوگا جو اب تک پوسٹس کو اسکرین شاٹ کی مدد سے شیئر کرتے تھے۔ نئے فیچر کے ذریعے انسٹاگرام پر شیئرنگ کا عمل زیادہ مؤثر اور منظم ہو جائے گا۔

انسٹاگرام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ری شیئر کی گئی پوسٹس کے لیے علیحدہ ٹیب مختص کیا جائے گا تاکہ اصل اور ری پوسٹ میں فرق واضح رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صارفین کو یہ اختیار بھی دیا جائے گا کہ وہ اپنی پوسٹس کو پرائیویسی سیٹنگز کے ذریعے ری شیئرنگ سے روک سکیں۔

انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ اس اپ ڈیٹ سے خاص طور پر وہ کریئیٹرز فائدہ اٹھا سکیں گے جن کے ویڈیوز یا تصاویر اکثر وائرل ہوتی ہیں، کیونکہ اب انہیں ان کے مواد پر مناسب کریڈٹ اور وسیع تر رسائی حاصل ہوگی۔

واضح رہے کہ انسٹاگرام نے 2022 میں بھی اس فیچر پر تجربات کیے تھے، تاہم اب اس کا باضابطہ آغاز کیا جا رہا ہے۔ اگرچہ کمپنی نے فیچر کی دستیابی کی کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی، لیکن یہ سہولت جلد مرحلہ وار تمام صارفین کو فراہم کی جائے گی۔

مزیدخبریں