آپریشن بنیان مرصوص: نوجوانوں نے کلیدی کردار ادا کیا، دشمن کے عزائم ناکام بنائے گئے: ڈی جی آئی ایس پی آر

06:19 PM, 17 Jun, 2025

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص میں قوم، بالخصوص نوجوانوں اور طلبہ نے بھرپور شرکت کر کے دشمن کی چالیں ناکام بنائیں اور بھارت کے اسٹریٹجک نظریات کو ہمیشہ کے لیے خاک میں ملا دیا۔

یہ بات انہوں نے اپنے دورہ جناح یونیورسٹی برائے خواتین، کراچی کے دوران کہی، جہاں ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ یونیورسٹی کی طالبات اور فیکلٹی ممبران نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے آپریشن کے دوران اختیار کی گئی حکمت عملی، سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان کے ساتھ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں سے منسلک ہیں اور دشمن کے چند گمراہ عناصر ان تعلقات کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے بھارت کو "فتنہ ہندوستان" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

یونیورسٹی کی انتظامیہ اور طالبات نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری افواج ہماری شناخت اور تحفظ کی علامت ہیں"۔ طالبات نے مزید کہا کہ عوام اور افواج کا رشتہ ہر دور میں مضبوط تھا، ہے اور قائم رہے گا۔

آخر میں طالبات نے ایسے معلوماتی اور حوصلہ افزا سیشنز کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی تاکہ قومی شعور کو مزید تقویت ملے۔

مزیدخبریں