بھارت: آسمانی بجلی گرنے سے دو دن میں 25 افراد جاں بحق، حکومت کی شہریوں کو احتیاطی تدابیر کی ہدایت

03:52 AM, 17 Jun, 2025

نئی دہلی : بھارت کی شمالی ریاست اُتر پردیش میں شدید بارشوں اور گرج چمک کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے گزشتہ دو دنوں میں کم از کم 25 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ہلاکتیں ریاست کے 14 مختلف اضلاع سے رپورٹ ہوئیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں پریاگ راج، کوشامبی، فتح پور اور رائے بریلی شامل ہیں، جہاں لوگ روزمرہ کاموں کے دوران بجلی کی لپیٹ میں آ گئے۔

ریاستی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مون سون کا موسم شروع ہو چکا ہے، جس کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات عام ہو جاتے ہیں۔ اس لیے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ بجلی کڑکنے کے دوران کھلے میدانوں، کھیتوں، درختوں کے نیچے یا پانی کے قریب ہرگز نہ جائیں۔

انتظامیہ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے مالی امداد دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ ساتھ ہی عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ موسمی خبروں پر نظر رکھیں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

مزیدخبریں