نفرت انگیز سوچ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، اقوام متحدہ میں پاکستان کا انتباہ

11:25 AM, 17 Jun, 2025

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے نفرت پر مبنی بیانیے نہ صرف معاشروں کو تقسیم کر رہے ہیں بلکہ عالمی امن اور استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ میں "نفرت کے خلاف عالمی دن" کی ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے بیانیے خصوصاً مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، اور اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات شدید تشویش کا باعث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام مخالف جذبات کئی شکلوں میں ظاہر ہو رہے ہیں، جیسے کہ مذہبی علامتوں کی بے حرمتی، تعصب پر مبنی قوانین، اور مسلمانوں کو میڈیا پر بدنام کرنا۔ خاص طور پر وہ میڈیا ادارے جو طاقتور سیاسی حلقوں کے زیرِ اثر ہیں، نفرت کا ماحول پیدا کرنے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

سفیر عاصم افتخار نے یہ بھی کہا کہ نسل پرستی اور تارکین وطن کے خلاف نفرت جیسے رجحانات بھی بڑھ رہے ہیں، جو سماجی تفریق اور محرومی کو جنم دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق، ان خطرات کا مقابلہ صرف اجتماعی کوششوں اور فوری ردِعمل سے ہی ممکن ہے۔

مزیدخبریں