واشنگٹن : سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی شہری جلد از جلد تہران چھوڑ دیں، کیونکہ حالات انتہائی خطرناک ہو چکے ہیں اور کسی بھی وقت بڑا حملہ ہو سکتا ہے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو جوہری معاہدے پر دستخط کر دینے چاہییں، کیونکہ وہ کئی بار واضح کر چکے ہیں کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، جو افسوسناک ہے۔
کینیڈا میں جاری جی سیون ممالک کے اجلاس میں ٹرمپ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایران کو "بیوقوف" قرار دیا اور کہا کہ اگر وہ معاہدے پر دستخط نہیں کرتا تو اس کا نقصان خود ایران کو ہی ہوگا۔
ٹرمپ نے یہ بھی الزام لگایا کہ موجودہ بحران کی ذمہ داری بائیڈن انتظامیہ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے ایران کو 60 دن کی مہلت دی تھی، لیکن ایران نے انکار کر دیا، اب حالات ہاتھ سے نکلتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیل اپنا دفاع کامیابی سے کر رہا ہے اور ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے دونوں ملکوں کو بات چیت کرنا ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ "ایران یہ جنگ نہیں جیت رہا، اسے اب ہوش سے کام لینا ہوگا۔"
اسی دوران یہ بھی خبر سامنے آئی ہے کہ اسرائیل نے ایران کے سرکاری ٹی وی چینل پر بمباری کی ہے، جس میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔