لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں عوامی سہولت کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ، اسکالرشپس اور الیکٹرک بائیکس کی فراہمی سمیت مختلف پروگرام جاری ہیں، جبکہ "نوازشریف اسکول آف ایمننس" منصوبہ تعلیمی معیار بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں نوازشریف کینسر ہسپتال اور سرگودھا میں کارڈیالوجی ہسپتال مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات اور طبی ٹیسٹوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے میں گرین الیکٹرک بسوں کا دائرہ کار تحصیل کی سطح تک بڑھایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق عوامی سہولت کے منصوبے موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔