تین ملکی ریلوے منصوبہ: پاکستان، افغانستان اور ازبکستان نے اہم معاہدے پر دستخط کر دیے

09:15 PM, 17 Jul, 2025

اسلام آباد / کابل: وزارتِ خارجہ کے مطابق کابل میں پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان نائب آباد تا خرلاچی ریلوے لائن سے متعلق مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔ یہ معاہدہ تینوں ممالک کے مجوزہ یو اے پی (UAP) ریلوے کاریڈور کا ابتدائی حصہ ہے، جس کا مقصد علاقائی رابطوں کو فروغ دینا ہے۔

وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں تینوں دوست ممالک کی حکومتوں اور عوام کو اس اہم پیشرفت پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف علاقائی رابطوں بلکہ معاشی اشتراک کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں ازبک اور افغان ہم منصبوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے معاہدے کو جلد عملی شکل دینے میں بھرپور معاونت فراہم کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکراتی مرحلے کے دوران تینوں ممالک نے مسلسل رابطہ برقرار رکھتے ہوئے اس معاہدے کے نکات کو حتمی شکل دی۔

وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ازبک-افغان-پاک ریلوے کاریڈور علاقائی تجارت، اقتصادی ترقی اور ہم آہنگی میں اہم کردار ادا کرے گا، جو وسطی ایشیائی ممالک کو افغان راستے سے پاکستان کی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرے گا۔

اسحاق ڈار نے یاد دلایا کہ یہ منصوبہ سابقہ حکومت (2022-23) کے دور میں شروع کیا گیا، جب وہ وزیر خزانہ تھے اور وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اس منصوبے کی قیادت انہیں سونپی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کی بنیاد اسی وقت رکھ دی گئی تھی۔

اس معاہدے سے قبل اسحاق ڈار نے ازبکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ سے کابل میں سہ فریقی ملاقات کی، جس میں خطے میں امن، باہمی تعاون، تجارتی ترقی اور رابطوں کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔

تمام فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مل کر کام کرتے ہوئے علاقائی معیشت کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے، جس سے خطے کے عوام کو دیرپا خوشحالی حاصل ہو گی۔

مزیدخبریں