لوئس وٹان کا انوکھا شاہکار: کروڑوں کا رکشہ نما ہینڈ بیگ پیش

06:25 PM, 17 Jul, 2025

پیرس:دنیا کے معروف فرانسیسی فیشن برانڈ لوئس وٹان نے لگژری فیشن کی دنیا میں ایک نیا تجربہ کرتے ہوئے رکشے کی شکل کا ہینڈ بیگ متعارف کرا دیا ہے، جس کی قیمت حیران کن طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔

یہ ہینڈ بیگ خصوصی طور پر ان افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے جو فیشن میں جدت اور منفرد انداز کو پسند کرتے ہیں۔ لوئس وٹان، جو اپنے مہنگے اور تخلیقی ڈیزائنز کے لیے جانا جاتا ہے، نے اس بار روایتی جنوبی ایشیائی سواری "رکشہ" کو فیشن آئٹم میں ڈھال کر سب کو حیران کر دیا ہے۔

یہ ہینڈ بیگ ظاہری طور پر مکمل رکشے جیسا دکھائی دیتا ہے۔ اس میں پہیے، فرنٹ شیشہ اور دیگر تفصیلات نہایت مہارت سے شامل کی گئی ہیں۔ اندرونی حصے میں متعدد جیبیں اور خانے موجود ہیں تاکہ یہ صرف دیکھنے میں ہی نہیں بلکہ استعمال میں بھی کارآمد رہے۔

بیگ پر لوئس وٹان کا کلاسک مونوگرام نمایاں طور پر کندہ ہے، جو اسے مزید شاہانہ بناتا ہے۔ اس ماڈل کی قیمت 42 ہزار امریکی ڈالر کے برابر ہے۔

اس ہینڈ بیگ کی تصاویر اور ویڈیوز منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی ہے۔ صارفین نے اس تخلیق کو دلچسپ، انوکھا اور مہنگا ترین "فن پارہ" قرار دیا ہے۔

فیشن ماہرین کے مطابق، یہ بیگ نہ صرف تخلیقی سوچ کا عکاس ہے بلکہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ثقافتی علامات کو کس طرح جدید انداز میں عالمی سطح پر پیش کیا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں