پنجاب میں رین ایمرجنسی نافذ، مریم نواز کی عوام سے تعاون کی اپیل

12:58 PM, 17 Jul, 2025

لاہور :  پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہونے والی طوفانی بارشوں اور بڑھتے ہوئے سیلابی خدشات کے پیش نظر پنجاب حکومت نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر اپنے پیغام میں کہا کہ صوبے بھر کے ادارے پوری محنت اور ذمہ داری سے کام کر رہے ہیں تاکہ عوام کو محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ سائرن اور اعلانات کے ذریعے لوگوں کو بروقت خبردار کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔

فی الوقت تمام ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے الرٹ ہیں، اور خاص طور پر نشیبی علاقوں میں نگرانی اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

مزیدخبریں