راولپنڈی میں شدید بارش کے بعد سیلابی خطرہ، وزیراعظم کا فوری ایکشن ، ہنگامی اجلاس طلب

12:54 PM, 17 Jul, 2025

راولپنڈی :  راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہریوں کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر سیلابی خطرے کی گھنٹیاں بجا دی گئیں، جبکہ قریبی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔

انتہائی خراب صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے فوری ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں مقامی انتظامیہ، چیف کمشنر راولپنڈی اور ایم ڈی واسا سے رپورٹ طلب کر کے بارش سے ہونے والے نقصانات اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہو چکی ہے، جس سے کئی نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں، سڑکوں پر پانی جمع ہے اور عوام کو نقل و حرکت میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

ریسکیو ٹیمیں اور واسا اہلکار الرٹ ہیں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور نالہ لئی کے قریب جانے سے گریز کریں۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور امدادی کاموں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزیدخبریں