اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات جاری، 10 افراد کے بیان ریکارڈ

11:23 AM, 17 Jul, 2025

کراچی : اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کے معاملے کی پولیس تفتیش جاری ہے۔ اب تک چوکیدار، قریبی دوست اور دیگر افراد کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ پولیس نے اداکارہ سے جڑے لوگوں کے فون کالز اور میسجز کی تفصیلات نکالنے کا فیصلہ کیا ہے اور موبائل ٹاورز کی مدد سے ان کی لوکیشن بھی معلوم کر رہی ہے تاکہ پتہ چل سکے کہ موت کے وقت اداکارہ کہاں تھیں اور کس سے رابطے میں تھیں۔

تفتیشی ٹیم نے اداکارہ کے تین موبائل فونز اور ایک ٹیبلٹ کی جانچ پڑتال کی ہے۔ ان کے فلیٹ سے کچھ اہم دستاویزات بھی ملیں جن میں کرایہ، بجلی کے بل اور ڈائری شامل ہیں۔ پولیس کا خیال ہے کہ اداکارہ کی موت 7 اکتوبر کو ہوئی، کیونکہ ان کا فون اسی دن شام پانچ بجے تک استعمال ہوا اور آخری میسج بھی اسی دن بھیجا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ حمیرا مالی مشکلات کا شکار تھیں۔ ان کے موبائل اور دیگر الیکٹرانک آلات کو سی ٹی ڈی کو دے دیا گیا ہے تاکہ اگر کوئی ڈیٹا حذف ہوا ہو تو اسے واپس لایا جا سکے۔ ابھی تک ان گیجٹس سے کوئی اہم شواہد نہیں ملے۔ اداکارہ کے دو بینک اکاؤنٹس بھی سامنے آئے، ایک لاہور اور دوسرا کراچی میں۔ پولیس تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں ۔

مزیدخبریں