جرنلسٹ پروٹیکشن بل سندھ حکومت کا تاریخی اقدام ہے، شرجیل میمن

03:21 PM, 17 Jan, 2026

اسلام آباد: صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جرنلسٹ پروٹیکشن بل سب سے پہلے سندھ حکومت نے منظور کیا اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافی برادری کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام صحافتی تنظیموں کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں اور جو کچھ صحافیوں کے لیے ممکن ہے، پارٹی وہ سب کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ایوان میں دی گئی بریفنگ کو مثبت پذیرائی ملی، جس میں سندھ میں صحت، سیلاب متاثرین اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ 2022 کے سیلاب کے بعد سندھ حکومت متاثرین کے لیے 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کر رہی ہے، جبکہ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں عوام کو بغیر شناختی کارڈ یا ڈومیسائل کے مفت علاج کی سہولت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں گزشتہ سال 29 لاکھ مریضوں کا علاج کیا گیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں سائبر نائف ٹیکنالوجی کے ذریعے مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تھر کول منصوبے پر سندھ حکومت ایک ارب ڈالر سے زائد خرچ کر چکی ہے اور کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کی جا رہی ہے۔

رانا ثناءاللہ کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ایوان صدر پورے ملک کا ہے اور مثبت اقدامات پر تنقید مناسب نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔

مزیدخبریں