ریاض: دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مبارک گھڑی آپہنچی، سعودی عرب میں رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے۔ سعودی سپریم کورٹ نے باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں بدھ 18 فروری 2026 کو پہلا روزہ ہو گا۔
سعودی میڈیا کے مطابق چاند دیکھنے کے لیے حوطہ سدیر سمیت ملک کے 7 مختلف مقامات پر محکمہ موسمیات اور فلکیات کے ماہرین کے بڑے اجلاس ہوئے، جہاں جدید ترین آلات کی مدد سے چاند کا مشاہدہ کیا گیا۔ شہادتیں موصول ہونے کے بعد سپریم کورٹ نے بدھ کو یکم رمضان قرار دے دیا۔
جہاں سعودی عرب میں کل سے روزوں کا آغاز ہو رہا ہے، وہیں کئی دیگر ممالک میں چاند نظر نہیں آیا۔ ترکیہ، ملائیشیا اور عمان سمیت سنگاپور اور آسٹریلیا میں چاند نظر نہ آنے کے باعث پہلا روزہ 19 فروری (جمعرات) کو ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان میں رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل پشاور میں منعقد ہوگا۔ اگرچہ سپارکو نے سائنسی بنیادوں پر پاکستان میں پہلا روزہ 19 فروری کو ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا ہے، تاہم حتمی اعلان کل رات کمیٹی کے چیئرمین کریں گے۔
سعودی عرب میں رمضان المبارک کا آغاز: پہلا روزہ کل
08:09 PM, 17 Feb, 2026