ڈھاکہ : بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (BNP) کے سربراہ طارق رحمان نے باقاعدہ طور پر وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھا کر ملک کی باگ ڈور سنبھال لی ہے۔ اس اہم سیاسی سنگِ میل پر منعقدہ تقریب میں پاکستان کے وفاقی وزیر احسن اقبال سمیت دنیا بھر کے نمائندوں نے شرکت کر کے نئی قیادت کو خوش آمدید کہا۔
حالیہ عام انتخابات میں عوام نے بی این پی اور اس کے اتحادیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ پارلیمانی اعداد و شمار کے مطابق۔ بی این پی اور اتحادیوں نے مجموعی طور پر 209 نشستیں جیت کر پارلیمنٹ میں دو تہائی کے قریب اکثریت حاصل کی۔
جماعت اسلامی کے اتحاد نے 68 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جو کہ نئی پارلیمنٹ میں ایک مضبوط آواز کے طور پر ابھرا ہے۔
تقریب میں وفاقی وزیر احسن اقبال کی شرکت کو سفارتی حلقے انتہائی اہمیت دے رہے ہیں۔ یہ شرکت اس بات کا اشارہ ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین مستقبل میں برادرانہ اور معاشی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ تقریب کے دوران احسن اقبال نے مختلف ممالک کے وزراء اور مندوبین سے بھی ملاقاتیں کیں۔
حلف اٹھانے کے بعد طارق رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی اولین ترجیح ملکی اداروں کی مضبوطی اور معیشت کی بحالی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بنگلہ دیش اب ایک نئے جمہوری دور میں داخل ہو چکا ہے جہاں عوام کی رائے کو مقدم رکھا جائے گا۔
نئی حکومت کی تشکیل کے بعد یہ توقع کی جا رہی ہے کہ جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون (SAARC) کو دوبارہ فعال کرنے میں بنگلہ دیش اہم کردار ادا کرے گا۔
بنگلہ دیش: طارق رحمان کی قیادت میں جمہوری سفر کا آغاز، 209 نشستوں کے ساتھ اقتدار سنبھال لیا
03:39 PM, 17 Feb, 2026