بانی پی ٹی آئی سے کوئی ڈیل ہو رہی ہے نہ ڈھیل دی جا رہی ہے: عطا تارڑ 

03:12 PM, 17 Feb, 2026

لندن: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کی جیل میں سہولیات اور مبینہ 'ڈیل' کے حوالے سے گردش کرتی تمام خبروں کو قیاس آرائیاں قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ لندن میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ حکومت قانون کے مطابق اپنا کام کر رہی ہے اور کسی کو کوئی خصوصی رعایت نہیں دی جا رہی۔
عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت، خصوصاً آنکھ کی تکلیف کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری مہم پر سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی تکلیف کو لے کر بلاوجہ سنسنی پھیلائی گئی۔
 وفاقی وزیر نے تصدیق کی کہ بانی پی ٹی آئی کو جو بھی طبی مسئلہ تھا وہ حل ہو چکا ہے اور اب ان کی صحت بالکل بہتر ہے۔
وزیر اطلاعات نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے۔ "ہماری ذمہ داری تھی کہ قیدی کو ضروری ہیلتھ کیئر فراہم کی جائے، جو کہ فراہم کر دی گئی ہے،" انہوں نے مزید کہا کہ انسانی بنیادوں پر طبی سہولیات کی فراہمی کو 'ڈیل' کا نام دینا غلط ہے۔
ایک سوال کے جواب میں عطا تارڑ نے کہا     "ڈیل اور ڈھیل کی باتیں محض من گھڑت ہیں۔ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ قیدی کی صحت پر سیاست کرنے کے بجائے حقائق کا سامنا کرے۔"

مزیدخبریں