آسٹریا کے چانسلر کی وزیراعظم شہباز شریف کی جرمن میں تقریر کی تعریف

09:20 AM, 17 Feb, 2026

ویانا: آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر نے سوشل میڈیا پر وزیراعظم شہباز شریف کی جرمن زبان میں کی گئی تقریر کی ویڈیو شیئر کی اور اس کی روانی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جرمن میں بات کرنے کی صلاحیت نے انہیں بہت متاثر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹریا کا سرکاری دورہ مکمل کیا اور برطانیہ واپس روانہ ہوگئے۔ برطانوی ایئرپورٹ لوٹن پر پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور دیگر سفارتی عملے نے ان کا استقبال کیا۔ مسلم لیگ برطانیہ کے صدر احسن ڈار اور خرم بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آسٹریا میں وزیراعظم شہباز شریف اور چانسلر اسٹاکر کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کریں گے۔

ملاقات میں عالمی اور علاقائی صورتحال پر بھی بات کی گئی اور اقوام متحدہ کے کردار کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم اور چانسلر اسٹاکر نے مشترکہ بزنس فورم بھی منعقد کیا جس میں پاکستانی اور آسٹرین کمپنیوں کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بات کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چانسلر اسٹاکر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

مزیدخبریں