سڈنی حملہ: بھارتی شہری ساجد اکرم کے پاسپورٹ منظر عام پر، پاکستان کے خلاف الزام تراشی بے بنیاد ثابت

03:01 PM, 17 Dec, 2025

اسلام آباد:سڈنی میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں ملوث بھارتی نژاد شہری ساجد اکرم اور اس کے بیٹے کے بھارتی پاسپورٹس منظر عام پر آ گئے ہیں، جن سے حملہ آوروں کی بھارتی شہریت کی تصدیق ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ساجد اکرم کو بھارتی ایمبیسی نے 24 فروری 2022 کو دس سال کے لیے پاسپورٹ جاری کیا تھا، جبکہ بھارتی حکام کو حملے کے پہلے دن سے ہی اس کی بھارتی شہریت کا علم تھا۔ اس کے باوجود حقیقت کو چھپایا گیا اور بھارتی میڈیا کو پاکستان کے خلاف الزام تراشی کے لیے وقت دیا گیا۔

سڈنی حملے کے فوراً بعد بھارتی میڈیا نے بغیر کسی ثبوت کے حملہ آور کو پاکستانی قرار دینے کی کوشش کی اور گمراہ کن پروپیگنڈا مہم چلائی، جس کا مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنا تھا۔ بعد ازاں سامنے آنے والے شواہد نے ان دعوؤں کو غلط ثابت کر دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سڈنی فائرنگ واقعے پر منظم ڈس انفارمیشن پھیلائی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خود دہشت گردی سے متاثرہ ملک ہے، ہر قسم کی انتہاپسندی کی مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف اس کی جدوجہد جاری ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بغیر شواہد پاکستان کو کسی بھی واقعے سے جوڑنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں اور سڈنی حملے کے حقائق سامنے آنے کے بعد بھارتی بیانیہ بری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔

مزیدخبریں