جنیوا: پاکستان نے اقوام متحدہ کی تخفیفِ اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھال لی ہے، جس کے تحت پاکستانی سفیر طاہر حسین اندرابی 2026 میں کانفرنس کے آخری صدر کی حیثیت سے اجلاسوں کی سربراہی کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اپنی صدارت کے دوران عالمی تخفیفِ اسلحہ مذاکرات کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کرے گا۔ کانفرنس کے ایجنڈے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ روکنے، جوہری جنگ کے خطرے کی روک تھام اور خلاء کو ہتھیاروں سے پاک رکھنے سمیت اہم عالمی سلامتی کے معاملات شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ کانفرنس کی سالانہ رپورٹ سے متعلق مذاکرات بھی صدارت کے دوران جاری رہیں گے۔ اقوام متحدہ کی تخفیفِ اسلحہ کانفرنس کے 65 رکن ممالک ہیں اور یہ فورم عالمی سطح پر تخفیفِ اسلحہ کے اہم مذاکرات کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کی صدارت کو عالمی امن و سلامتی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی قیادت پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
ترجمان کے مطابق تخفیفِ اسلحہ کانفرنس ماضی میں کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں سے متعلق اہم عالمی معاہدوں کی تیاری اور مذاکرات میں بھی نمایاں کردار ادا کر چکی ہے۔