پی ٹی اے کا بڑا اقدام، غیر فعال نمبرز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی

08:04 PM, 17 Aug, 2026

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ ایسے اکاؤنٹس جو غیر فعال، منسوخ یا طویل عرصے سے استعمال نہ ہونے والے موبائل نمبرز پر چل رہے ہیں، انہیں کسی بھی وقت بند کیا جا سکتا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق ایسے موبائل نمبرز جنہیں صارفین استعمال نہیں کر رہے، ان سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس فراڈ، دھوکا دہی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جانے کا خطرہ رکھتے ہیں۔ اسی وجہ سے غیر فعال نمبرز سے منسلک اکاؤنٹس کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اتھارٹی نے موبائل صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کا تعلق ایسے نمبر سے برقرار رکھیں جو نہ صرف فعال ہو بلکہ مستقل طور پر ان کے زیر استعمال بھی ہو۔

پی ٹی اے نے بتایا کہ غیر استعمال شدہ یا منسوخ شدہ موبائل نمبرز کچھ عرصے بعد نئے صارفین کو الاٹ کیے جا سکتے ہیں۔ ایسی صورت میں سابق صارف کے نام سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹ اور نجی معلومات تک غیر متعلقہ شخص کی رسائی کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔

جن افراد کا موجودہ موبائل نمبر بند ہوچکا ہے یا وہ اسے مزید استعمال نہیں کرتے، انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ واٹس ایپ کا "Change Number" آپشن استعمال کرکے اپنا اکاؤنٹ کسی نئے فعال نمبر پر منتقل کریں۔

پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد موبائل نمبرز کے غلط استعمال کو روکنا، صارفین کے ذاتی ڈیٹا کی حفاظت کرنا اور آن لائن فراڈ سمیت سائبر جرائم کے امکانات کو کم کرنا ہے۔

اتھارٹی نے صارفین سے کہا ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً اپنی سم کی حیثیت چیک کرتے رہیں اور اگر نمبر غیر فعال ہوچکا ہے تو واٹس ایپ اکاؤنٹ کو فوری طور پر کسی فعال اور اپنے زیر استعمال نمبر سے منسلک کرلیں۔
 
 
 

مزیدخبریں