اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کرنے اور شہریوں کو جدید، شفاف اور آسان ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کی زیرِ صدارت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے شہریوں کو بروقت اور مؤثر سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے مربوط انداز میں کام کریں۔ انہوں نے سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید مؤثر بنانے اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے وفاقی حکومت کے تمام ماتحت اداروں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں ای آفس کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزارتوں کی ای آفس پر منتقلی آئی ٹی اور ڈیجیٹل اصلاحات میں اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے ساتھ تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کو بھی جلد ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر میں تاخیر پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے منصوبے کی تعمیر جلد مکمل کرنے اور اسے ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کو چلانے کا عمل مکمل طور پر آؤٹ سورس کیا جائے تاکہ اسے مؤثر انداز میں فعال کیا جا سکے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی رائٹ سائزنگ مکمل ہو چکی ہے اور اہم عہدوں پر شفاف طریقے سے تعیناتیاں کی جا رہی ہیں۔ بریفنگ کے مطابق تمام وفاقی وزارتیں ای آفس پر منتقل ہو چکی ہیں، جبکہ دیگر سرکاری محکموں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں بھی ای آفس کے فروغ پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔