اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں واضح اکثریت حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔ ان کے مطابق ن لیگ کے امیدوار 25 نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں، جبکہ مخصوص نشستوں کے بعد پارٹی کی مجموعی نشستیں 33 تک پہنچ جائیں گی۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ ایل اے 14 سے کامیاب امیدوار ساجد اقبال بھی ن لیگ کی ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں اور حلقے کی ترقی کے لیے پارٹی کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پنجاب کی طرز پر تعمیر و ترقی کا سفر شروع کیا جائے گا۔ کشمیری عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
دھرنے سے متعلق سوال پر وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ دھرنے میں بیٹھے 99 فیصد لوگ محب وطن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے کو سیاسی اور جمہوری انداز میں حل کیا جانا چاہیے۔