لاہور: پنجاب میں آئندہ چند روز کے دوران شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ سرکاری محکموں کو فوری تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)، انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ تمام حفاظتی اقدامات پہلے سے مکمل کر لیے جائیں۔ اس کے علاوہ، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور عوام کی مدد یقینی بنانے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ خاص طور پر شمالی پنجاب میں کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے باعث حفاظتی اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مری، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور کوہ سلیمان جیسے حساس علاقوں میں ممکنہ طوفانی بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ سیاحتی علاقوں میں عوام کے تحفظ کے لیے مری اور ملحقہ مقامات پر سیاحت عارضی طور پر محدود کرنے پر بھی غور کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دریاؤں، نہروں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، اور والدین بچوں کو ان خطرناک علاقوں میں جانے سے روکیں۔ دریاؤں کے کنارے بسنے والوں کی فوری محفوظ مقامات پر منتقلی کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کو یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے کشتیاں، لائف جیکٹس اور دیگر ضروری آلات پہلے سے فراہم کیے جائیں۔
دوسری جانب، پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خطرناک علاقوں میں گشت بڑھائے اور نہانے یا غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی کو سختی سے نافذ کرے۔