پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاموں کے دوران کریش ہونے والے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ یہ بلیک باکس حادثے کی جگہ سے تقریباً 100 میٹر دور پایا گیا ہے اور پولیس نے اسے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل شدید سیلاب کے دوران مہمند پنڈیالی سوکئی کے قریب ریسکیو آپریشن میں مصروف سرکاری ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا، جس میں سوار پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ اور تین عملے کے ارکان موجود تھے جو باجوڑ کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان پہنچا رہے تھے۔
اسی دوران، ضلع بونیر کی انتظامیہ نے سیلاب زدہ علاقوں کی رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کے باعث ہلاک شدگان کی تعداد 400 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کاشف قیوم کے مطابق، اس تباہ کن سیلاب نے ضلع بونیر میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس کے نتیجے میں 401 افراد ہلاک اور 671 زخمی ہو چکے ہیں۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق، ضلع میں 2300 سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ 413 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ تعلیمی ادارے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں، جن میں 6 سرکاری اسکول سیلاب کی لپیٹ میں آ کر تباہ ہو گئے ہیں۔
مزید برآں، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر سرکاری سہولیات بھی محفوظ نہیں رہ سکیں۔ 2 پولیس اسٹیشن سیلاب میں بہہ گئے، 639 گاڑیاں تباہ ہو گئیں، 127 دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوئیں اور 824 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔