دنیا کا سب سے مشہور منظر، جسے دیکھ کر آپ کہیں گے "یہ کیسے ممکن ہے؟"

06:04 PM, 17 Aug, 2025

کیلیفورنیا: دنیا کی سب سے زیادہ مشہور اور دیکھی جانے والی تصویر مائیکرو سافٹ کے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز ایکس پی کے ڈیفالٹ وال پیپر "Bliss" کو تسلیم کیا گیا ہے۔ اندازے کے مطابق اربوں افراد نے اس شاندار تصویر کو دیکھا ہے، جو 1996 میں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے Sonoma علاقے میں فوٹوگرافر چارلس او رئیر نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کی تھی۔

چارلس او رئیر، جو اس وقت 83 سال کے عمر رسیدہ ہیں، نے اس قدرتی منظر کو Mamiya RZ67 کیمرے اور کلر فیوجی فلم کے ذریعے قید کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس زمانے میں کیمرہ ہر وقت ساتھ رکھنے کی عادت تھی کیونکہ کوئی بھی لمحہ یادگار بن سکتا تھا۔

1998 میں انہوں نے اس تصویر کو اسٹاک فوٹو کے طور پر پیش کیا، جسے بل گیٹس کی کمپنی Corbis نے خرید لیا۔ بعد ازاں 2000 میں مائیکرو سافٹ نے تمام حقوق خرید کر اسے ونڈوز ایکس پی کے ڈیفالٹ وال پیپر کے طور پر منتخب کیا۔

فوٹوگرافر کو اس شاندار تصویر کے بدلے لاکھوں روپے کا معاوضہ دیا گیا، جس کی قیمت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ فلم کی ترسیل کے لیے کوئی بھی کورئیر کمپنی تیار نہ ہوئی، اور آخر میں کمپنی نے چارلس او رئیر کو ذاتی طور پر طیارے کے ذریعے فلم پہنچانے کا بندوبست کیا۔

یہ تصویر اتنی خوبصورت اور حقیقت سے قریب ہے کہ بہت سے لوگ اسے کمپیوٹر گرافکس یا فوٹو شاپ کا نتیجہ سمجھتے ہیں، لیکن یہ قدرتی مناظر کی اصل تصویر ہے جو ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گئی۔

مزیدخبریں