اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی کا عمل تسلسل سے جاری ہے۔ وفاقی وزرا کی موجودگی میں ریلیف آپریشنز کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
وفاقی وزیر امیر مقام ضلع شانگلہ اور بونیر میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی تقسیم کی نگرانی کریں گے، جبکہ وفاقی وزیر سردار یوسف ضلع مانسہرہ اور معاون خصوصی مبارک زیب ضلع باجوڑ میں امدادی کارروائیوں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
این ڈی ایم اے اور پاک فوج سمیت دیگر ادارے بھی ریلیف آپریشنز میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق، پی ایم ریلیف پیکج کے تحت امدادی سامان کی مزید ترسیل کی جا رہی ہے، جس میں راشن، خیمے اور ادویات شامل ہیں۔
وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو امدادی کارروائیوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا، "ہم سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔