اسلام آباد:اسلام آباد اور راولپنڈی میں حالیہ تیز بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس پر ریسکیو حکام نے جڑواں شہروں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد حکام نے نالہ لئی اور دیگر نشیبی علاقوں میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق، جڑواں شہروں میں تیز بارشوں کے باعث نالہ لئی کے اطراف، کٹاریاں، گوالمنڈی اور دیگر حساس علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران نالہ لئی کے قریب نہ جائیں اور بچے ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ، بارش کے دوران کمزور چھتوں سے بچیں اور ندی نالوں کو عبور کرنے سے اجتناب کریں۔ حکام نے عوام کو اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی بھی ہدایت دی ہے۔
ایم ڈی واسا کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں 80 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 11 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جس سے اربن فلڈنگ کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر ریسکیو اہلکاروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔