لاہور: محکمہ موسمیات نے پنجاب میں کلاؤڈ برسٹ کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ملک بھر میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو 19 اگست تک رہے گا۔
اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ آبپاشی نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں اور گلیشیئرز کے پگھلنے سے پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات مزید واضح ہو رہے ہیں۔ ادارے کے مطابق، دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ تربیلا اور تونسہ بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔
ڈیموں کی صورتحال کے مطابق، تربیلا ڈیم 96 فیصد اور منگلا ڈیم 67 فیصد تک بھر چکا ہے، جس سے پانی کے ذخائر میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں سے 313 افراد جاں بحق جبکہ 156 افراد زخمی ہو گئے ہیں، اور سیلاب نے درجنوں گھروں اور رابطہ سڑکوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔