انطالیہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک نے اپنے تعلقات کو "ہمہ جہت اسٹریٹجک شراکت داری" میں بدلنے اور معاشی تعاون کے نئے افق تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس سال کے آخر میں انقرہ میں 8ویں اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جو دوطرفہ تعلقات کا سب سے بڑا فورم ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور جنگ بندی کی کوششوں پر صدر اردوان کو اعتماد میں لیا۔ صدر اردوان نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ہر فورم پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
ملاقات میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور زراعت، توانائی اور دفاع جیسے شعبوں میں نئے منصوبوں کے آغاز پر زور دیا گیا۔صدر اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کا فورم میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور ان کی امن پسندی کے وژن کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے ترک صدر کو فورم کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم عالمی تنازعات کے حل کے لیے ایک معتبر آواز بن چکا ہے۔
اس موقع پر پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے، جبکہ ترک وزیر خارجہ حکان فیدان نے بھی بات چیت میں حصہ لیا۔ دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی بھرپور تائید جاری رکھیں گے۔
پاک، ترک تعلقات میں نیا رخ: وزیراعظم شہباز شریف اور صدر اردوان کی انطالیہ میں اہم ملاقات
08:14 PM, 17 Apr, 2026