ترک صدر نے شہباز شریف کو امن عمل میں کلیدی قرار دے دیا

06:06 PM, 17 Apr, 2026

انطالیہ: ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں خطے میں جنگ بندی ممکن ہوئی، اور اس پیش رفت کو پائیدار امن کے قیام کا ایک اہم موقع سمجھا جانا چاہیے۔

انطالیہ ڈپلومیسی فورم سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ترکیہ خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، جبکہ عالمی تجارت کے تسلسل کے لیے آبنائے ہرمز کو تجارتی بحری جہازوں کے لیے مکمل طور پر کھولنا وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی مؤثر راستہ ہیں، اور ترکیہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے بین الاقوامی مذاکرات اور اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

صدر اردوان نے کہا کہ عالمی سطح پر طاقت کا توازن تبدیل ہو رہا ہے، اور غزہ کی موجودہ صورتحال اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ عالمی نظام کن رخوں پر آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کے خلاف متحد ہو کر مؤثر اقدامات کیے جائیں، کیونکہ ان پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر عدم استحکام میں اضافہ ہو رہا ہے۔
 
 
 

مزیدخبریں